پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کو ہر ممکن سہولت دینے کے لئے کوشاں ہے پیپلز پارٹی کی قیادت نے شری ہنگلاج ماتا کی یاترا کے لئے سندھ کے ہر ضلع سے یاترا بس چلانے کا اعلان کیا ہے

محکمہ اقلیتی امور سندھ نے شری ہنگلاج ماتا کی یاترا کے لیے یاتری بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز 15جولائی سے کیا جا رہا ہے اس بات کا اعلان سندھ کے وزیر برائے اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے سوامی نارائن مندر کراچی میں گرو نانک دربار کے لیے ترقیاتی اسکیم کے تحت ہال کے تعمیراتی کام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ یاتری بس سروس کی تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر شری ہنگلاج ماتا کے لیے یہ یاترا بس سروس ان افراد کے لیے شروع کی جارہی ہے جو یاترا کے سفری اخراجات برداشت نہیں کرسکتے ۔انہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران یاتریوں کو دوپہر کا کھانا بھی فراہم کیا جائے گا جب کہ جو یاتری دوران یاترا وہاں ایک دو دن رہائش اختیار کرنا چاہے گا تو انہیں یہ سہولت بھی محکمہ فراہم کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے لیے درخواست بذریعہ ضلعی پنچایت ڈائریکٹر اقلیتی امور سندھ کو بھیجی جائے گی کراچی میں پہلی یاتری بس 15 جولائی سے سوامی نارائن مندر سے روانہ ہو گی ۔قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بحیثیت پیپلز پارٹی کے وزیر میں نے بھرپور کوشش کی ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل ہوں مجھے جو بھی مسئلہ متعلقہ افراد کی جانب سے بتایا گیا اسے بلاتفریق فوری حل کیا گیا چاہیے وہ ترقیاتی اسکیم ہو، کسی کے علاج معالجہ کا مسئلہ ہو یا کسی کی مالی امداد ہو اسے بھرپور اور فوری حل کیا گیا جس کے گواہ آپ سب اور ہمارے دور میں کیئے گئے کام ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سوامی نارائن مندر میں غریب بچیوں کے لیے ہاسٹل بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں پانچ بار رکن اسمبلی بننے کا موقع دیا گیا اور میں اپنی قیادت کا شکر گذار ہوں کہ اس نے مجھے محکمہ کا وزیر بنا کر آپ لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دیا ۔افتتاح سے قبل گردوارہ پہنچنے پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا اور گلدستہ پیش کیا اور سندھ کی روایتی اجرک پہنائی گئی افتتاح کے بعد گیان چند ایسرانی نے ملک کی ترقی خوشحالی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے لیے درازی عمر اور صحت کے لیے دعا بھی کی

No Comments

Post A Comment

Verified by MonsterInsights