!!!جو دِل نے کہا

یں کون ہُوں کبھی مُجھے آ کر بھی دیکھیے

قارئین کرام! السّلامُ علیکُم۔ چونکہ یہ میرا پہلا بلاگ ہے جو اِس وقت آپ کی نظروں کے سامنے ہے اِس لیے میں ضروری سمجھتا ہُوں کہ میں آپ سب سے اپنا مُختصر سا تعارف کرواتا چلوں۔میرا نام مرزا رضی اُلرّحمان ہے۔ میں ایک ریٹائرڈ سِول سرونٹ ہُوں۔ میں بُنیادی طور پر ایک تُک بند سا شاعر ہُوں اور گُذشتہ کئی برس سے اپنی شاعری وٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا رہا ہُوں۔ کُچھ عرصہ قبل تک میرا ایک ریگولر کالم ”جو دِل نے کہا“ کے عُنوان سے پاکستان کے دو موقر روزناموں میں یکے بعد دیگرے چھپتا رہا ہے۔ اِس کے علاؤہ میرا ایک قطعہ بھی اِنہی روزناموں میں سے ایک میں روزانہ کی بُنیاد پر شائع ہوتا رہا ہے۔ جسے میں نے بعد ازاں محض اِس وجہ سے متعلقہ اخبار میں بھیجنا بند کر دیا کیونکہ اخبار کی انتظامیہ نے پاکستان کے ایک بُہت بڑے اور کامیاب ترین کاروباری شخصیّت بلکہ ”کنگ میکر“کے حوالے سے کہے گئے ایک قطعہ کے سلسلہ میں مُجھ سے اپنا ہاتھ ذرا ہولا رکھنے اور اپنے کہے پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا جسے میں نے جناب اقبال عظیم صاحب کا یہ مصرعہ اپنے دِل میں بارہا دہرانے کے بعد رَد کر دیا کہ
؀
شاعری حسبِ ہدایت نہیں ہو گی ہم سے

وہ دِن اور آج کا دِن میں نے یہ تہیّہ کر لیا ہے کہ میں اب دوبارہ کسی بھی اخبار یا جریدے میں اپنا کالم یا قطعہ کسی بھی صورت شائع نہیں کرواؤں گا اور اللّہ کے فضل سےمیں آج بھی اپنی اِس بات پر قائم ہُوں اور اِن شاء اللّہ مُستقبل میں بھی رہوں گا۔

یہاں ایک وضاحت کرنا بُہت ضروری ہے کہ میں اپنے اِس بلاگ میں جن خیالات کا اظہار فوقتاً فوقتاً کیا کروں گا وہ صرف اور صرف میری ذاتی آراء پر مشتمل ہوں گے جس سے اسپیشل ٹی وی کی انتظامیہ کا مُتفق ہونا قطعاً لازم نہ ہے۔

مزید یہ کہ اگرچہ میرے مجوزہ بلاک کا طرزِ تحریر عام طور پر تو فکاہیہ ہی ہُوا کرے گا لیکن کبھی کبھار کسی سنجیدہ موضوع یا واقعے پر قلم اُٹھاتے ہُوئے میں ہمیشہ اِس بات کا خیال رکھوں گا کہ موضوع کی سنجیدگی کو کَما حَقَّہٗ ملحوظِ خاطر رکھا جا سکے۔

آخر میں میں اپنے بلاگ کے مُستقبل کے قارئین سے گُذارش کروں گا میرے لیے آپ سب کے تاثرات اور فیڈ بیک میری مُستقل راہنمائی اور حوصلہ افزائی کا باعث ہوں گے۔ اب اجازت دیجیے۔ اِن شاء اللّہ اب آپ لوگوں بُہت جلد دوبارہ ملاقات ہوگی بلکہ تواتر سے ہُوتی رہے گی۔ اللّہ تعالیٰ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین ثُم آمین۔
(مرزا رضی اُلرّحمان)

No Comments

Post A Comment

Verified by MonsterInsights