چئیرمین لیسکو حافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت ایچ آر اینڈ ایڈمن کمیٹی کا اجلاس ہوا

لیسکو کے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمدنعمان کی زیر صدارت ایچ آر اینڈ ایڈمن کمیٹی کا اجلاس لیسکو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، جس میں چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سمیت دیگر بورڈ ممبران اور لیسکو کی ایچ آر ڈائریکٹر آسیہ شعیب، چیف فنانس آفیسر بشری عمران اور ایڈمن ڈائریکٹر میاں محمد افضل نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں دیگر اہم پوائنٹس کے ساتھ ساتھ سوشل کارپوریٹ ریسپانسیبلٹی کے تحت لیسکو میں انٹرن شپ کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے مختص وظیفے میں اضافہ کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ واضح رہے کہ سوشل کارپوریٹ ریسپانسیبلٹی پروگرام کے تحت لیسکو ہر سال ایچ ای سی کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے ڈگری حاصل کرنے والے مختلف کیٹیگریز کے طلباء اور طالبات کو میرٹ پر لیسکو میں دو ماہ کی انڑنشپ کرواتا ہے تاکہ منتخب اسٹوڈنٹس لیسکو کی ورکنگ کو نہ صرف بہتر طور پر سمجھ سکیں بلکہ اس کی تکمیل کے بعد معاشرے میں اپنا کردار بہتر طور پر سرانجام دے سکیں۔ ایچ آر ڈائریکٹر آسیہ شعیب نے کمیٹی کو بتایا کہ لیسکو کی جانب سے اس انٹرن شپ کا دورانیہ دو ماہ ہے جس کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور 15000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا تھا تاہم اس سال معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے 15000 سے بڑھا کر 30000 روپے کرنے کی تجویز پیش کی جارہی ہے۔ چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان اور دیگر ممبران نے وظیفے میں اضافے کی تجویز کو منظوری کے لئے فل بورڈ میں بھیج دیا۔ چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ لیسکو سوشل کارپوریٹ ریسپانسیبلٹی کےتحت اپنا کردار ادا کرتا آیا ہے اور لیسکو واحد ڈسٹریبیوشن کمپنی ہے جو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کو اپنے کیریر کی شروعات میں ہی ملک کی بڑی ڈسٹریبیوشن کمپنی کے ساتھ کام کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

No Comments

Post A Comment

Verified by MonsterInsights