گلوبل وارمنگ بنی نوع انسان کی بقاء کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ

شیخوپورہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ بنی نوع انسان کی بقاء کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ جس سے شدید موسمی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور زمین کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس خطرناک صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور عوام میں درختوں کی حفاظت کا شعور اجاگر کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے یہ بات جمخانہ کلب شیخوپورہ میں شجرکاری مہم 2023 کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد ، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ لاریب اسلم ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر خالد جاوید ، سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جمیل احمد اور بلاک آفیسر فاریسٹ عمران خالد ورک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے فروغ کیلئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ جس سے نہ صرف ملک میں درختوں کی کمی پوری ہو رہی ھے بلکہ شہروں میں بھی گرین ایریاز میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے کہا شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں 408000 پودے لگائے جائیں گے۔ جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عوام میں درختوں کی افادیت و اہمیت اجاگر کرنے کے لئے آگہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اس قومی مہم میں محکمہ جنگلات سے بھر پور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر وطن عزیز کو سرسبز و شاداب کرنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔

No Comments

Post A Comment

Verified by MonsterInsights